میچ جیتنے پر بھارتی کھلاڑیوں کا رویہ پسند نہیں آیا:شعیب اختر

پاکستانی ٹیم بڑے مقابلوں میں بھارت کے خلاف دبا ئوبرداشت کرنے میں ناکام رہتی ہے
لاہور (سپورٹس ڈیسک)انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دینے کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کے جارحانہ انداز میں جشن منانے پر سابق پاکستانی فاسٹ بائولر شعیب اختر نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا یہ ردعمل سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔انہوں نے بھارتی ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد تو دی، تاہم کھلاڑیوں کے جشن کے انداز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ رویہ پسند نہیں آیا۔ ساتھ ہی انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستانی ٹیم بڑے مقابلوں میں بھارت کے خلاف دبا ئوبرداشت کرنے میں ناکام رہتی ہے۔انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد بھارتی کھلاڑیوں نے میدان میں بھرپور جشن منایا۔ میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا، جہاں موہت الوا نے چوکا لگا کر بھارت کو فتح دلائی۔بھارتی کھلاڑیوں نے کامیابی کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کے سامنے کھڑے ہوکر نعرے لگائے۔ ان کے اس انداز کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئیں۔سابق پاکستانی فاسٹ بائولر شعیب اختر نے بھارتی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگرچہ بھارتی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا اور ان کی جیت ان کی برتری کو ظاہر کرتی ہے، لیکن اس قسم کا جارحانہ انداز درست نہیں ہے۔انہوں نے بھارتی نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں نے پریشر کو اپنے اوپر حاوی نہیں کیا اور بہت اچھا کھیل کھیلا۔ لیکن پاکستانی ٹیم زیادہ بہتر تھی اور انہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں اچھی پرفارمنس دکھائی مگر وہ پریشر کو سنبھال نہ سکی۔