کراچی میں جاری ترقیاتی سکیموں میں ردوبدل پر پابندی عائد

ترقیاتی کام منظور شدہ شیڈول اور معیار کے مطابق آگے بڑھنے چاہئیں، میئر کراچی
کراچی(آئی این پی ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے بلدیہ عظمی کراچی میں جاری ترقیاتی اسکیموں میں ردوبدل پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے اور غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔انہوں نے سست روی سے کام کرنے اور غیر معیاری تعمیراتی سامان استعمال کرنے کی شکایات کا سامنا کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی کا بھی حکم دیا ہے۔یہ ہدایات کے ایم سی ہیڈ آفس میں محکمہ انجینئرنگ کے ایک اہم اجلاس کے دوران جاری کی گئیں، جس میں شہر کی 26 اہم شاہراہوں سمیت مختلف ترقیاتی اسکیموں اور شہر کی مرکزی شاہراہوں کو آپس میں ملانے والی 140 سڑکوں پر جاری کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں میونسپل کمشنر ابرار جعفر، فنانس ایڈوائزر گلزار ابڑو، ڈائریکٹر میڈیا دانیال سیال اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز طارق مغل نے میئر کراچی کو ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت، ان پر عمل درآمد اور تکمیل کی مقررہ مدت کے حوالے سے بریفنگ دی