فریق بننے کی درخواستیں ایڈووکیٹ سردار محمد لطیف خان کھوسہ کی جانب سے دائر کی گئی
اسلام آبا د(آئی این پی )خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ اور 3 ایم پی او کے تحت ہونے والی گرفتاریوں کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں دائر اپیلوں میں سردار اختر مینگل اور سینیٹر راجہ ناصر عباس نے فریق بننے کی متفرق درخواستیں دائر کر دیں۔سردار اختر مینگل اور سینیٹر راجا ناصر عباس کی جانب سے وفاقی آئینی عدالت میں فریق بننے کی درخواستیں ایڈووکیٹ سردار محمد لطیف خان کھوسہ کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ صدر مملکت نے 11 اکتوبر 2026 کو آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کیا، جس سے انہوں نے پشاور ہائی کورٹ میں پہلے ہی چیلنج کر رکھا ہے۔متفرق درخواستوں کے مطابق 11 اکتوبر کے حکم کے بعد ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کی سیاسی قیادت اور کارکنوں کے خلاف 3 ایم پی او کے تحت گرفتاری کے وارنٹ جاری کر کے چھاپے مارے، جن کے خلاف متاثرہ افراد نے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تو عدالت نے آرٹیکل 199 کے تحت حکم امتناع جاری کرتے ہوئے رہائی کے احکامات دیے، ان احکامات کے خلاف خیبرپختونخوا حکومت نے ایڈووکیٹ جنرل کے ذریعے وفاقی آئینی عدالت میں اپیلیں دائر کیں۔چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بینچ نے 5 نومبر 2026 کو ان اپیلوں پر سماعت کرتے ہوئے 12 اکتوبر 2026 یا اس کے بعد پشاور ہائی کورٹ میں آرٹیکل 199 کے تحت دائر درخواستوں کی کارروائی معطل کر دی تھی۔