لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو دنیا کی 500 بااثر ترین مسلم شخصیات کی فہرست میں مشترکہ طور پر پہلا مقام حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اردن کے معتبر تحقیقی ادارے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کی سالانہ فہرست ’’دی مسلم 500‘‘ میں دونوں پاکستانی رہنماؤں کو مشترکہ طور پر اول مقام ملنا پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ یہ اعزاز صرف دو شخصیات کا نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کا ہے، جس سے ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ عالمی سطح پر معتبر ادارے کی جانب سے یہ اعتراف پاکستان کی قیادت پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اس فہرست میں شامل ہونا ان کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ دونوں رہنماؤں نے مشکل حالات میں باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کیا، جس کے نتیجے میں پاکستان نے دفاعی اور سفارتی محاذوں پر نمایاں کردار ادا کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ آج دنیا پاکستان کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ یہ مقام قوم کی قربانیوں، محنت اور قومی یکجہتی کا ثمر ہے، جس کا سہرا ان تمام پاکستانیوں کو بھی جاتا ہے جو ہر مرحلے پر اپنی قیادت اور مسلح افواج کے ساتھ کھڑے رہے۔آخر میں سردار ایاز صادق نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو مزید عزت، ترقی اور کامیابیوں سے نوازے۔ آمین۔