رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں پاکستان کی قیادت کو نمایاں مقام ملا ، جو ملک اور قوم کے لیے ایک اہم اعزاز ہے

مسلم دنیا کی 500 بااثر شخصیات وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سرفہرست
پاکستانی قیادت کے حوالے سے اس اشاعت میں وزیراعظم شہباز شریف کے سیاسی کردار،فیلڈ مارشل عاصم منیر کے پاکستان کی عسکری صلاحیت اور دفاعی تعاون میں ان کے کردار کو نمایاں کیا گیا ہے
 سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان بھی مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر ہیں، رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر نے پہلی مرتبہ پانچ شخصیات کو مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن کیلئے منتخب کیا
اسلام آباد: (مانیٹرنگ ڈیسک) اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر نے مسلم دنیا کی 500 بااثر شخصیات کی فہرست جاری کر دی ہے، جس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن دی گئی ہے۔پاکستانی قیادت کے حوالے سے اس اشاعت میں وزیراعظم شہباز شریف کے سیاسی کردار اور معاہدے کے لیے ضروری حکومتی و انتظامی اقدامات کا ذکر کیا گیا ہے، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے بارے میں پاکستان کی عسکری صلاحیت اور دفاعی تعاون میں ان کے کردار کو نمایاں کیا گیا ہے۔جاری فہرست کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان بھی مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر ہیں، فہرست میں پہلی مرتبہ پانچ شخصیات کو مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ترک صدر رجب طیب اردوان بھی مسلم دنیا کی پانچ بااثر ترین شخصیات میں شامل ہیں، جبکہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں، اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے پانچویں اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے چھٹی پوزیشن حاصل کی ہے۔متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید، ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم اور مراکش کے شاہ محمد ششم بھی بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں شامل ہیں، انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، فلسطینی صدر محمود عباس اور شام کے صدر احمد الشرع کو بھی فہرست میں جگہ دی گئی ہے۔پاکستان سے معروف عالم دین مفتی محمد تقی عثمانی اور مولانا طارق جمیل بھی 500 بااثر شخصیات میں شامل ہیں، فہرست میں غزہ کے کمال عدوان ہسپتال کے سابق سربراہ ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو سال کی نمایاں مرد شخصیت قرار دیا گیا ہے، جبکہ ایران کے شہر میناب میں سکول پر حملے میں بچ جانے والی طالبہ فاطمہ زہرا شیخ آبادی سال کی نمایاں خاتون شخصیت قرار پائی ہیں۔رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کی جانب سے جاری کردہ  فہرست میں پاکستان کی قیادت کو نمایاں مقام ملا ، جو ملک اور قوم کے لیے ایک اہم اعزاز ہے