میٹرک، انٹر، بی اے اور ایم اے کرنیوالے قیدیوں کو تعلیمی ڈگری کی مناسبت سے 6 سے 10ماہ سزا کی معافی ملے گی
لاہور(کرائم رپورٹر )صوبہ پنجاب کی جیلوں میں قید قیدیوں کی سزا میں معافی کے قواعد وضوابط جاری کر دئیے ہیں جس میں قیدیوں کی سزا معافی کی مدت کا تعین کیا گیا ہے۔ تفصیل کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے جیلوں میں قیدیوں کی سزا میں معافی کے قواعدہ وضوابط جاری کر دئیے ہیں ۔جیل ریفارمز کے مطابق قید کے دوران حفظ القرآن وترجمہ مکمل کرنے والے قیدیوں کو 6ماہ سے 2سال سزا کی معافی ملے گی جب کہ میٹرک، انٹر، بی اے اور ایم اے کرنے والے قیدیوں کو ان کی تعلیمی ڈگری کی مناسبت سے 6 سے 10ماہ سزا کی معافی ملے گی۔ اس کے علاوہ اچھے کردار کے قیدی کو ایک سال قید با مشقت پر 15 دن کی سزا معافی جب کہ تین سال قید مکمل ہونے پر 15دن کے ساتھ اضافی ایک ماہ کی سزا معافی ملے گی۔دوران قید الیکٹریشن، موٹر بائینڈنگ، بیوٹیشن ٹیکنیکل کورسز والے قیدیوں کو ایک ماہ تک کی سزا کی معافی ملے گی۔تاہم دہشتگردی، تخریب کاری، ریاست مخالف سرگرمیوں کے قیدی معافی کے حق دار نہیں ہوں گے جب کہ 4 ماہ سے کم قید با مشقت سزا پانے والے قیدی بعوض مشقت بھی اس رعایت سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔جیل ریفارمز کے مطابق اس وقت سزا معافی کا کوئی کیس زیر التوا نہیں۔ آئی جی جیل ہر ماہ تعلیمی قابلیت کی بنیاد پر سزا معافی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے پابند ہونگے اور وہ ہر ماہ محکمہ داخلہ کو سرٹیفکیٹ بھجوائیں گے۔