پنجاب میں قیدیوں کی سزا معافی و بقیہ سزا کا ریکارڈ آن لائن کردیا گیا

قیدیوں کے اہلخانہ ایس ایم ایس کے ذریعے رہائی کی تاریخ معلوم کرسکیں گے، محکمہ داخلہ پنجاب
لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب میں قیدیوں کی سزا معافی اور بقیہ سزا کا ریکارڈ آن لائن کردیا گیا،قیدیوں کے اہلخانہ ایس ایم ایس کے ذریعے رہائی کی تاریخ معلوم کرسکیں گے۔سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے جدید سسٹم کا افتتاح کر دیا، سسٹم کے تحت قیدیوں کی سزا میں معافی اور بقیہ سزا کا تمام ریکارڈ آن لائن کر دیا گیا جبکہ قیدیوں کے اہل خانہ اب ایس ایم ایس کے ذریعے رہائی کی تاریخ کے بارے میں جان سکیں گے۔محکمہ داخلہ کے جوابی میسج میں گذشتہ 2 معافیوں کی تفصیل اور رہائی کی تاریخ دی جائے گی، تمام معلومات صرف ایک میسج پر دستیاب ہیں جس کے سٹینڈرڈ چارجز 5روپے ہیں۔جیل قوانین کے مطابق قیدیوں کی سزا میں کمی یا معافی کی کئی صورتیں ہیں، سرکاری سطح پر معافی کے اعلان کے علاوہ تعلیم، تکنیکی صلاحیت کے حصول اور اچھے کردار پر سزا میں معافی ملتی ہے، سزا میں ہر معافی کو فوری طور پر قیدی کے ریکارڈ کا حصہ بنایا جانا ضروری ہے۔سیکرٹری داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ اب قیدیوں یا اہل خانہ کو سزا میں معافی کا ریکارڈ حاصل کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہوگی، قیدیوں کی سزا میں معافی اور رہائی کا تمام ڈیٹا شفاف انداز میں آن لائن کیا گیا ہے، جدید سسٹم تیار کیا گیا ہے تاکہ کسی قیدی کو مقررہ سزا سے ایک لمحہ بھی اضافی قید میں نہ رکھا جائے، قیدیوں کی سزا میں معافی کا ریکارڈ بروقت اپڈیٹ کرنے کیلئے قواعد و ضوابط جاری کیے ہیں۔سیکرٹری داخلہ کے مطابق محکمہ داخلہ کے ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ کو ہدایت کی کہ جیلوں میں سرپرائز وزٹ کریں، کسی بھی سطح پر قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا۔