24 نومبر کواحتجاج کا بانی پی ٹی آئی کی رہائی کاصرف یک نکاتی مقصد ہونا چاہیے، رہنماء پی ٹی آئی کی گفتگو
اسلام آباد(یواین پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ اس بار کسی بھی صورت احتجاج سے دستبردار نہیں ہوں گے،24 نومبر کو ہم تہیہ کرکے نکلیں گے کہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک عمران خان کی رہائی ممکن نہیں ہوتی،احتجاج کابانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کاصرف یک نکاتی مقصد ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے مقاصد کی تعداد کا باقاعدہ اعلان ابھی نہیں ہوا ہے میں تودوماہ سے ایک ہی نکتے پر مہم چلا رہا ہوں کہ ہمیں فی الوقت عمران خان کی رہائی درکار ہے۔میں کوشش کروں گا کہ ہم اس احتجاج کو فی الوقت خان کی رہائی تک محدود رکھیں جب خان باہر آجائیں گے تو پھر جو بھی سیاسی یا ملکی مفاد کیلئے مقاصد ہوں گے وہ ہم ان کی قیادت میں ان کی ہدایات کے مطابق احتجاج کریں گے۔شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ میرے خیال میں پارٹی میں کوئی بھی شخص اتنا ظالم نہیں ہے کہ وہ خان کی رہائی پر کمپرومائز کرسکے۔ یہ سب کی خواہش ہے احتجاج اور دھرنے کی خواہش پارٹی قیادت کی تھی جس کی خان صاحب نے توثیق کی ہے۔