پاکستان کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا:وزیراطلاعات

بھارتی الزامات میں کوئی صداقت نہیں،بھارتی حکام پریس بریفنگ میں بولنے کے قابل نہیں تھے، بھارتی میڈیا کو بھی سانپ سونگ گیا ہے
 پاکستانی قوم اور میڈیا جشن منا رہے ہیں، بھارت کو ہمارے موثر جواب کے بعد پاکستان کو عزت ملی ہے،عطاء تارڑ کی صحافیوں سے گفتگو
 اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، بھارتی حکام کی پریس بریفنگ میں آواز ان کا ساتھ نہیں دے رہی تھی، وہ بولنے کے قابل نہیں تھے،بھارتی میڈیا کو بھی سانپ سونگ گیا ہے۔اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا پاکستان کے اندر جشن کا ماحول ہے، پاکستان نے جس انداز میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اس پر عوام جشن منا رہے ہیں، بھارتی سیکرٹری خارجہ ملٹری ترجمان کے ہمراہ پریس بریفنگ میں بولنے کے قابل نہیں تھے، آواز بھی ان کا ساتھ نہیں دے رہی تھی۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارتی میڈیا کو بھی سانپ سونگ گیا ہے، بھارت کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ ہمیشہ من گھڑت اور بے بنیاد الزامات عائد کرتا ہے، ہماری جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھاکہ بھارت کو ایسے الزامات عائد نہیں کرنے چاہئیں، پاکستان کی طرف سے کسی قسم کی خلاف ورزی نہیں ہوئی، پاکستانی قوم اور میڈیا جشن منا رہے ہیں، بھارت کو ہمارے موثر جواب کے بعد پاکستان کو عزت ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی میں پاکستان کو شاندار کامیابی نصیب ہوئی ہے، بھارت کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔