سینیٹ میں شبلی فراز کا ردعمل: "ہمارے لیڈر کو گالیاں دی گئیں، برداشت نہیں کریں گے"

سینیٹ میں شبلی فراز کا ردعمل:

اسلام آباد: سینیٹ اجلاس کے دوران قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے حکومت اور چیئرمین سینیٹ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ "یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ ہمارے لیڈر کو گالیاں دیں، گالیاں ہم سے بہتر کوئی نہیں دے سکتا۔"

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران تحریک انصاف کی جانب سے کوئی متنازع بات نہیں کی گئی، تاہم ایک حکومتی سینیٹر نے ان کی قیادت کے بارے میں توہین آمیز الفاظ استعمال کیے، جو کسی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے۔انہوں نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا:"کل جس سینیٹر نے ہمارے لیڈر کو گالیاں دیں، اسے برداشت نہیں کریں گے۔ وہ ایسی باتیں آپ کے آشیرباد سے کر رہا ہے۔"شبلی فراز نے اجلاس کی صدارت کرنے والے پریذائیڈنگ افسر عرفان صدیقی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہوں نے جانتے بوجھتے ان الفاظ کو نہ روکا اور نہ ہی کاروائی سے حذف کروایا۔

شبلی فراز کے اس بیان پر ایوان میں ماحول کشیدہ ہو گیا، جب کہ حکومتی اراکین کی جانب سے بھی جوابی آوازیں سنائی دیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ میں ایک حکومتی رکن کی تقریر کے دوران مبینہ طور پر تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے خلاف نامناسب الفاظ استعمال کیے گئے تھے، جس پر پی ٹی آئی ارکان نے شدید احتجاج کیا تھا۔سینیٹ اجلاس میں حالیہ دنوں میں حکومتی و اپوزیشن ارکان کے مابین تلخ جملوں کا تبادلہ معمول بن گیا ہے، جس سے پارلیمانی ماحول مسلسل کشیدگی کا شکار دکھائی دے رہا ہے۔