برطانوی محکمہ ٹیکس نے حسن نواز کی دیوالیہ ہونے کی مدت ختم کردی

کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہ ہونے کے سبب حسن نواز کا دیوالیہ پن ختم  کیا گیا
 حسن نواز دوبارہ کمپنی ڈائریکٹر بن کر معمول کے مطابق کاروبار کے اہل ہوگئے:میڈیا رپورٹ

 لندن(آئی این پی ) برطانیہ کے محکمہ ٹیکس نے نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کے دیوالیہ ہونے کو ختم کردیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق بینک کرپسی کی مدت مکمل ہونے کے بعد اب حسن نواز دوبارہ کمپنی ڈائریکٹر بن کر معمول کے مطابق کاروبار کے اہل ہوگئے۔سرکاری ریکارڈ کے مطابق حسن نواز کے دیوالیہ پن کی مدت 29 اپریل 2025 کو ختم ہوئی۔محکمہ ٹیکس نے تصدیق کی ہے کہ کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہ ہونے کے سبب حسن نواز کا دیوالیہ پن ختم ہوا ہے۔2 ماہ قبل ایچ ایم آر سی نے حسن نواز کی طرف سے خود کو دیوالیہ ہونے کی اطلاع دی تھی، حسن نواز نے تقریبا 10 ملین پانڈ کا ٹیکس ادا نہ کرنے کے سبب دیوالیہ پن اختیار کیا تھا۔ حسن نواز کا موقف تھا کہ تمام ٹیکسوں کی ادائیگی کے باوجود ایچ ایم آر سی نے ایک خاص مدت گزر جانے کے باوجود ٹیکس کا مطالبہ کیا تھا، گزشتہ برس سرکاری گزٹ میں حسن نواز کے دیوالیہ ہونے کی تفصیلات شائع کی گئی تھیں۔دیوالیہ پن ختم ہونے کے بعد قانونی طور پر قرضوں کی ادائیگی کی ضرورت نہیں رہتی اور قرض لینے والوں کو قرض کی واپسی سے روک دیا جاتا ہے۔