چینی وزارتِ خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آبنائے ہرمز میں مدد کی درخواست پر اپنا ردِعمل جاری کیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ چین اس معاملے پر تمام فریقین کے ساتھ رابطے میں ہے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی حمایت کرتا ہے۔چینی ترجمان نے مزید کہا کہ وہ تنازع کے پُرامن حل اور کشیدگی میں کمی کے لیے کام کر رہے ہیں اور تمام فریقین سے اپیل ہے کہ فوری جنگ بندی کریں تاکہ صورتِ حال مزید خراب نہ ہو۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ امریکی صدر کے دورۂ چین سے متعلق رابطے جاری ہیں اور سربراہانِ مملکت کی سفارت کاری امریکا اور چین تعلقات کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔واضح رہے کہ ہفتے کے روز ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا بھر، بشمول چین، سے اپیل کی تھی کہ وہ آبنائے ہرمز کھلوانے میں مدد کریں، اور امید ظاہر کی تھی کہ فرانس، جاپان، جنوبی کوریا، برطانیہ اور دیگر ممالک بھی اپنے جنگی جہاز بھیجیں گے۔تاہم دنیا کی جانب سے ٹرمپ کی اپیل پر ردِعمل کم رہا۔ جاپان نے اپنے بحری جہاز بھیجنے سے انکار کیا، چین نے بھی فوری جواب نہیں دیا، جبکہ جنوبی کوریا نے کہا کہ وہ صورتِ حال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں۔ فرانس اور برطانیہ بھی خطے میں اپنے بحری جہاز بھیجنے سے انکار کر چکے ہیں۔