لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے بجٹ میں پیٹرول، بجلی اور گیس پر عائد ٹیکسوں کو مسترد کرتے ہوئے ملک گیر تحریک شروع کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
منصورہ سے ملک بھر کے نوجوانوں سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بجٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد آئندہ ایک سے دو روز میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔حافظ نعیم الرحمن نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ عوامی حقوق کی جدوجہد کے لیے تیار رہیں اور تحریک میں فعال کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں بڑی تبدیلیوں اور انقلابی تحریکوں میں نوجوانوں نے ہمیشہ مرکزی کردار ادا کیا ہے، اسی لیے جماعت اسلامی نوجوانوں کو متحرک کرنے کے لیے مسلسل رابطے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور جدوجہد کی جائے گی اور اس حوالے سے تاجر برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں بنیادی سہولیات کی فراہمی متاثر ہے جبکہ عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ ٹیکس ادا کر رہا ہے جبکہ مراعات یافتہ طبقات نسبتاً کم بوجھ اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے پٹرولیم لیوی اور بجلی کے شعبے سے متعلق حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید مالی دباؤ میں ڈالا جا رہا ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے نوجوانوں کو جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے منظم ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ گاؤں، محلوں اور یونین کونسل کی سطح پر یوتھ انتخابات کرائے جائیں گے تاکہ نئی قیادت سامنے آ سکے۔انہوں نے منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانوں کو اس سے دور رہنے اور دینی و اخلاقی تربیت اختیار کرنے کی تلقین بھی کی۔آزاد کشمیر اور دیگر علاقوں کے مسائل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام خطوں کے مسائل کا حل انصاف، مکالمے اور عوامی شمولیت میں ہے، جبکہ جبر اور الزامات سے مسائل مزید بڑھتے ہیں۔