جے پور: بھارتی شہر جے پور میں تعلیمی پرچوں کے لیک ہونے، تعلیمی نظام کی خرابیوں اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے خلاف ہونے والے احتجاج کے دوران کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھجیت دیپکے پر نامعلوم افراد نے حملہ کر دیا۔
بھارتی میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ احتجاج کے دوران ایک شخص نے ابھجیت دیپکے کو ان کے گلے میں ڈالے گئے صافے سے کھینچا، جس کے بعد دو افراد نے انہیں متعدد تھپڑ اور مکے مارے۔ واقعے کے دوران موقع پر موجود افراد نے بھی صورتحال کو کیمرے میں محفوظ کر لیا۔حملے کے بعد ابھجیت دیپکے کے حامیوں نے مبینہ حملہ آوروں کو پکڑ کر ان کے ساتھ تشدد کیا، جس سے علاقے میں کشیدگی کی صورتحال پیدا ہو گئی۔بعد ازاں ابھجیت دیپکے نے سوشل میڈیا پر اپنے ردِعمل میں کہا کہ ایسے حملے ان کی تحریک کو نہیں روک سکتے اور وہ پُرامن احتجاج جاری رکھیں گے۔ انہوں نے وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ بھی دہراتے ہوئے کہا کہ تعلیمی نظام میں اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں۔پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث 6 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات اور پس منظر کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔