جرمنی میں سائیکل ریس کے دوران اسکوٹی بیچ میں آنے سے متعدد سائیکلسٹ گر گئے

جرمنی میں سائیکل ریس کے دوران اسکوٹی بیچ میں آنے سے متعدد سائیکلسٹ گر گئے

جرمنی میں منعقدہ ایک سائیکل ریس اس وقت غیر متوقع حادثے کا شکار ہو گئی جب ایک بزرگ خاتون کی موبیلیٹی اسکوٹر اچانک ریس کے راستے میں آ گئی، جس کے نتیجے میں متعدد سائیکلسٹ گر کر سڑک پر جا گرے۔

یہ واقعہ اتوار کے روز ہونے والی “سارلینڈ ٹروفیو جونیئرز” سائیکل ریس کے دوران پیش آیا، جس میں یورپ بھر سے 100 سے زائد نوجوان سائیکلسٹ شریک تھے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون تماشائیوں کے درمیان سے آہستہ آہستہ اپنی اسکوٹی کو ریس ٹریک کی جانب لے آئیں۔ اسی دوران تیز رفتاری سے آنے والے سائیکلسٹ ان کے قریب پہنچ گئے۔ایک سائیکلسٹ تو بروقت ردعمل دے کر اسکوٹی سے بچ نکلنے میں کامیاب رہا، تاہم اس کے پیچھے آنے والا سائیکلسٹ ٹکرا کر اپنی سائیکل سمیت سڑک پر گر گیا۔ اس کے بعد مزید کئی سائیکلسٹ بھی توازن برقرار نہ رکھ سکے اور حادثے کا شکار ہو گئے۔حادثے کے بعد کچھ دیر کے لیے ریس میں افراتفری کی صورتحال پیدا ہو گئی، تاہم انتظامیہ نے فوری طور پر صورتحال پر قابو پا لیا۔

ڈچ سائیکلسٹ پال فریزمین نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ حادثہ خطرناک ضرور تھا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی بھی سائیکلسٹ شدید زخمی نہیں ہوا۔رپورٹس کے مطابق حادثے میں شامل تمام کھلاڑی معمولی نوعیت کی چوٹوں سے محفوظ رہے اور کسی بھی سنگین زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ماہرین اور مبصرین نے اس واقعے کے بعد شائقین کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ ریس کے دوران مقررہ حفاظتی حدود سے باہر نہ آئیں، کیونکہ تیز رفتار مقابلوں میں معمولی سی لاپرواہی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔