لاہور: مزنگ کے علاقے میں اسکوٹی سوار لڑکی کو راستے میں روک کر تشدد کرنے والے موٹرسائیکل سوار ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں ملزم کو لڑکی کو روک کر تشدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ون فائیو پر موصول ہوتے ہی مزنگ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ لڑکی کے والد کی مدعیت میں ابتدائی طور پر نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزم نے اسکوٹی پر جانے والی لڑکی کو اوورٹیک کرکے راستے میں روک لیا۔ اس کے بعد ملزم موٹرسائیکل سے اترا، لڑکی کو پکڑ کر زمین پر پٹخ دیا اور اس کے ساتھ بدتمیزی کرتے ہوئے تشدد شروع کردیا۔فوٹیج کے مطابق ملزم نے لڑکی کے بال کھینچے، گالم گلوچ کی اور اسے ہراساں کیا۔ اس دوران موقع پر موجود افراد نے مداخلت کرکے لڑکی کو ملزم سے چھڑایا۔
مقدمے کے متن کے مطابق ملزم نے لڑکی کا بیگ بھی چھین کر زمین پر دے مارا، جس کے نتیجے میں تقریباً 85 ہزار روپے مالیت کا لیپ ٹاپ ٹوٹ گیا۔ تشدد کے باعث لڑکی کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی، جبکہ اس کے چہرے پر بھی زخم آئے۔واقعے کے بعد ملزم اپنی موٹرسائیکل چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا۔ موقع پر موجود افراد نے موٹرسائیکل پولیس کے حوالے کردی، جس کی مدد سے ملزم کی شناخت اور گرفتاری کی کارروائی میں پیش رفت ہوئی۔پولیس حکام کے مطابق ایس پی سول لائنز منزہ کرامت کی نگرانی میں ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے معلومات اکٹھی کیں اور چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ملزم سے مزید تفتیش شروع کردی ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جاسکے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے واقعے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ خواتین پر تشدد کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور اسے سخت سزا دلوانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔