ویب ڈیسک: عالمی شہرت یافتہ اطالوی اداکارہ کلاڈیا کارڈینیل 87 برس کی عمر میں فرانس میں انتقال کر گئیں، جہاں ان کے اہلخانہ بھی موجود تھے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ان کا شاندار فلمی کیریئر 60 سال سے زائد عرصے پر محیط تھا۔ انہوں نے ابتدا ہی میں شہرت حاصل کی اور مقامی سینما کے ساتھ ساتھ ہالی ووڈ کی فلموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ سن 2002 میں برلن فلم فیسٹیول میں انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔کلاڈیا کارڈینیل اپریل 1938 میں تیونس میں پیدا ہوئیں اور صرف 16 برس کی عمر میں ایک مقابلۂ حسن جیت کر وینس فلم فیسٹیول تک پہنچ گئیں، جہاں متعدد ہدایت کاروں اور پروڈیوسرز نے انہیں فلموں میں کام کی پیشکش کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کا ابتدائی کیریئر چیلنجز سے بھرا ہوا تھا۔ کم عمری میں وہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنیں اور بعدازاں لندن میں خفیہ طور پر ایک بیٹے کو جنم دیا۔ طویل عرصے تک انہوں نے اپنے بیٹے کو دنیا کے سامنے اپنے چھوٹے بھائی کے طور پر متعارف کرایا۔