لاہور ( کرائم رپورٹر ) محرم الحرام کے سلسلے میں لاہور پولیس نے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے آپریشنل تیاریوں کو مزید تیز کر دیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے میں مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے امام بارگاہ ایوان زینب، ایوان حیدر سمیت دیگر امام بارگاہوں کا معائنہ کیا اور متولیان سے ملاقات کر کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مرکزی جلوسوں کے روٹس کا میپ کے ذریعے جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے تمام حفاظتی اور لاجسٹک انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ امام بارگاہوں کے گرد و نواح میں سی سی ٹی وی کیمروں کو مکمل فعال رکھنے اور چھتوں پر مورچے قائم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ہر آنے والے فرد کی سخت چیکنگ یقینی بنانے اور پولیس کے ساتھ رضاکاروں کو بھی تعینات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے اور امن و امان برقرار رہے۔