قذافی سٹیڈیم کے سامنے ٹائر پھٹنے سے مرغیوں والی گاڑی الٹ گئی
لاہور (کرائم رپورٹر) اچھرہ فلائی اوور سے کلمہ چوک کی جانب قذافی اسٹیڈیم کے سامنے مرغیوں سے بھری ایک گاڑی ٹائر پھٹنے کے باعث حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے کے نتیجے میںگاڑی سڑک پر الٹ گئی اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی۔ اطلاع ملنے پر لاہور ٹریفک پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور کرین کی مدد سے متاثرہ گاڑی کو سڑک کے کنارے ہٹا دیا گیا، جس کے بعد ٹریفک کو بحال کر دیا گیا۔ حادثے میں گاڑی کے ڈرائیور کے گھٹنے پر معمولی چوٹ آئی جسے فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق بروقت کارروائی کے باعث صورتحال پر جلد قابو پا لیا گیا اور تمام لینز کو دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ سی ٹی او لاہور نے بروقت ریسپانس پر متعلقہ اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا۔