محسن نقوی اور حافظ نعیم کی ملاقات، ایران امریکہ مفاہمت پر تبادلہ خیال

محسن نقوی اور حافظ نعیم کی ملاقات، ایران امریکہ مفاہمت پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے اہم ملاقات کی۔

 ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ مفاہمت کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی گفتگو کی اور اس پیش رفت کو خطے کے استحکام اور پائیدار امن کے لیے خوش آئند قرار دیا۔اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے ایران اور امریکہ مفاہمت کے حوالے سے پاکستان کے مثبت اور مخلصانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس پیش رفت میں پاکستان کا تاریخی کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور اس سے خطے میں امن کی راہیں ہموار ہوں گی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران اور امریکہ مذاکرات اور اس ضمن میں حکومتی اقدامات پر امیر جماعت اسلامی کو اعتماد میں لیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی میں کمی کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے، جبکہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے قیام امن کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے حضور شکر گزار ہیں کہ پاکستان کی کوششوں کو کامیابی ملی۔ملاقات میں صومالیہ میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی بحفاظت اور فوری واپسی کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔ حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کی بازیابی کے لیے مؤثر سفارتی اقدامات کیے جائیں۔اس کے علاوہ ملکی معیشت کی بہتری، عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور قومی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔