اللہ کے سوا کوئی سپر پاور نہیں، پاکستانی عوام ایران کے عزم و استقلال کو سلام پیش کرتے ہیں، لطیف کھوسہ

 اسلام آباد(آن لائن )قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن رہنما لطیف کھوسہ نے بجٹ اور ملکی سیاسی صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ "اللہ کے سوا کوئی سپر پاور نہیں" اور ایرانی قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ایران کے عزم و استقلال کو سلام پیش کرتے ہیں۔ لطیف کھوسہ نے سوال اٹھایا کہ ایران پر حملے کا اختیار کس نے دیا اور کہا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت ایران کو آبنائے ہرمز کے حوالے سے اپنے حقوق حاصل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مسلم دنیا میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنے کا کردار ادا کیا ہے اور ماضی میں ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں بھی مسلم ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا کے پاس بے پناہ وسائل موجود ہیں، اس لیے مغرب پر انحصار کم ہونا چاہیے۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ عمران خان امتِ مسلمہ کے ایک اہم رہنما ہیں اور وہ جیل سے باہر آکر دوبارہ ملک کی قیادت کریں گے۔اپنے خطاب کے دوسرے حصے میں انہوں نے دفاعی اخراجات میں کمی کی ضرورت پر زور دیا اور میثاقِ جمہوریت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کا بنیادی مقصد سیاسی نظام کو مستحکم کرنا اور غیر جمہوری مداخلتوں کا راستہ روکنا تھا۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ آیا میثاقِ جمہوریت کے مقاصد حاصل کیے گئے، کیا آئین کو مضبوط کیا گیا، عدلیہ کی آزادی کو یقینی بنایا گیا، آزاد اور شفاف انتخابات کرائے گئے، اور کیا سیاسی جماعتوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا خاتمہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان سوالات کا جائزہ لینا قومی مفاد میں ضروری ہے