ناقص پٹرول ، ڈیزل کی چیکنگ کا سخت نظام لاگو

ای پی اے کو معیار چیک کرنے کا اختیار مل گیا،سخت سزا،بھاری جرمانے ہوں گے
فیول کا معیار یقینی بنانے سیسانس کی بیماریوں سے نجات ملے گی،مریم اورنگزیب 
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب میں غیر معیاری پٹرول اور ڈیزل کی چیکنگ کا سخت نظام لاگو کردیا گیا۔ ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے)کو فیول کا معیار چیک کرنے کا اختیار مل گیا، غیر معیاری فیول پر پنجاب ماحولیاتی تحفظ ایکٹ 1997کے تحت سخت سزا اور بھاری جرمانے ہوں گے۔پنجاب پہلا صوبہ ہے جہاں فیول کوالٹی چیک کرنے کا سخت ترین نظام لاگو کیا گیا ہے۔اوگرا کے منظور شدہ معیار کا ایندھن ہی فروخت ہوگا جبکہ خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائیگی۔ڈائریکٹر جنرل ای پی اے ڈاکٹر عمران حمید شیخ کوصوبے میں فیول کا معیار یقینی بنانے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ فیول کا معیار یقینی بنانے سے عوام کو سانس کی مہلک بیماریوں سے نجات ملے گی۔ ماحولیاتی آلودگی، بیماریوں اور سموگ کی بڑی وجہ گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں ہے۔