سب انسپکٹر رضوان ٹیم کے ساتھ موقع دیکھنے گیا، سب انسپکٹر وقاص کی کھوپڑی فریکچر ہوگئی
لاہور(کرائم رپورٹر) رائے ونڈ میں قبضہ مافیانے پولیس پارٹی پر حملہ کر کے سب انسپکٹر اور2 کانسٹیبلز کو زخمی کر دیا۔ تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ قبضہ کی درخواست پر تھانہ رائیونڈ کے سب انسپکٹر رضوان ٹیم کے ساتھ موقع دیکھنے گئے۔ قبضہ مافیا نے موقع دیکھنے آئی پولیس ٹیم کو یرغمال بناکر تشدد کا نشانہ بنایا۔ چوکی انچارج جیابگا سب انسپکٹروقاص ٹیم کو چھڑوانے موقع پر بپہنچے تو قبضہ مافیا نے اْن پر بھی اینٹوں سے حملہ کر دیا۔ ملزمان کے تشدد سے سب انسپکٹر وقاص کی کھوپڑی فریکچر ہو گئی جبکہ کانسٹیبل علی شیر بھی شدید زخمی اور ایک کانسٹیبل کا بازو ٹوٹ گیا۔ زخمی پولیس افسران واہلکاروں کو علاج معالجہ کیلئے جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف قبضہ اور کار سرکار مزاحمت کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے پیشہ وارانہ حوصلہ اور بہادری دکھانے پر پولیس جوانوں کو شاباش دی۔ ان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو کیفریکردار تک پہنچایا جائیگا۔ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق مزید کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔