اسلام آباد( آئی این پی )پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث نائب وزیر ِاعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایک تجارتی وفد کا دورہ امریکہ ملتوی کردیا ہے ۔میڈیارپورٹ کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار آئندہ ہفتے نیویارک میں فلسطینی ریاست کے قیام سے متعلق اقوامِ متحدہ کے ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے روانہ ہونے والے تھے، لیکن جمعہ کو فرانس اور سعودی عرب، جو اس کانفرنس کے مشترکہ میزبان تھے، نے اقوامِ متحدہ سے درخواست کی کہ یہ اجلاس ملتوی کر دیا جائے۔رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے ایک اور مجوزہ دورہ بھی موخر ہو گیا ہے، اسلام آباد سے واشنگٹن جانے والے تجارتی وفد کو ٹیرف سے متعلق مذاکرات کرنا تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دورہ ضرور ہوگا، ہم شیڈول پر کام کر رہے ہیں۔