امیرقطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کا ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو فون،اسرائیلی جارحیت کی مذمت
دوحہ (آئی این پی )قطر نے اسرائیلی جارحیت کے دوران ایران کی حمایت کا اعلان کردیا۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے گذشتہ شام اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو فون کیا۔صدر پزشکیان نے امیر قطر سے ٹیلی فونک گفتگو میں ایران پر حملے میں اسرائیلی حکومت کی جارحیت کی امریکی حمایت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران پر اسرائیلی حکومت کی جنگی پالیسیوں کے ذریعے اپنے ناجائز مطالبات نہیں تھوپ سکتا۔ایرانی صدر نے غزہ میں اسرائیلی جرائم کے خلاف اسلامی اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی سرزمین کی سالمیت اور عوام کے حقوق کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔دوسری جانب، شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کا کہنا تھا کہ قطر اس بزدلانہ جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو مکمل حق حاصل ہے کہ وہ اس کا جواب دے۔انہوں نے مزید کہا کہ قطر اپنے برادر ملک ایران کے ساتھ کھڑا ہے اور تنازعات کے حل اور امن و سلامتی کے قیام کے لیے ایران کے مذاکرات کے نظریے کی حمایت کرتا ہے۔