ڈیڑھ سال تک شوہر کا تشدد برداشت کرتی رہی، جگن کاظم

پہلی شادی اپنے والدین سے چْھپ کر کی تھی شادی کے تیسرے ہفتے میں ہی شوہر نے مجھے تشدد کا نشانہ بنایا،انٹرویو
کراچی(شوبز ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف میزبان و اداکارہ جگن کاظم نے سابق شوہر کی جانب سے تشدد کا شکار ہونے کا انکشاف کیا ہے۔حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران جگن کاظم نے گھریلو تشدد کے بارے میں بات کی، اس موقع پر انہوں نے اپنے تلخ ماضی کو بھی یاد کیا جس میں انہیں بھی تشدد کے مسائل کا سامنا تھا۔جگن کاظم نے کہا کہ میں نے پہلی شادی اپنے والدین سے چْھپ کر کی تھی اور یہ شادی میری اپنی پسند اور محبت کی شادی تھی لیکن اس شادی کے تیسرے ہفتے میں ہی شوہر نے مجھے تشدد کا نشانہ بنایا۔اداکارہ نے کہا کہ شوہر کی جانب سے تشدد کی پہلی علامات بیوی کے لیے منہ سے نکلی گئی گالی ہوتی ہے، یہ سب گالیوں سے شروع ہوتا ہے اور پھر ایک وقت آتا ہے کہ شوہر اپنی بیوی پر ہاتھ اٹھا دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب شوہر پہلی بار ہاتھ اٹھائے تو اسی وقت عورت کو فیصلہ کرلینا چاہیے کیونکہ جب ایک بار ہاتھ اْٹھ جاتا ہے تو وہ ساری زندگی نہیں رکتا۔جگن کاظم نے کہا کہ میری پہلی شادی میں بھی یہی ہوا، مجھے تشدد کا نشانہ بنایا گیا لیکن میں نے برداشت کیا اور ڈیڑھ سال تک شوہر کا تشدد برداشت کرتی رہی، میں اسی وقت علیحدگی کا فیصلہ کرسکتی تھی لیکن میں نے نہیں کیا کیونکہ میں بیوقوف تھی۔