شہریوں سے بدتمیزی، چالان جھگڑوں اور احتجاج کا ریکارڈ محفوظ ہوگا، 400 سے زائد باڈی کیمرے وارڈنز کو فراہم کئے جا چکے
لاہور (کرائم رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر لاہور ٹریفک وارڈنز کو مزید 200 باڈی کیمرے فراہم کر دیے گئے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق اب تک 400 سے زائد باڈی کیمرے وارڈنز کی یونیفارم سے منسلک کیے جا چکے ہیں۔سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کا کہنا ہے کہ باڈی کیمرے نہ صرف چالان کے عمل کو شفاف بنائیں گے بلکہ کارِ سرکار میں مداخلت، احتجاج، ہنگامہ آرائی، عوامی شکایات اور جرائم کے خلاف ثبوت کے طور پر بھی مؤثر ہوں گے۔ان کیمروں کے ذریعے ٹریفک وارڈنز کی موجودگی، کارکردگی اور رویے کی بھی نگرانی کی جا سکے گی، جبکہ سڑکوں پر پیش آنے والے واقعات کا اصل منظر بھی ریکارڈ ہوگا۔ پولیس حکام کے مطابق باڈی کیمرے شہریوں اور پولیس کے درمیان بہتر تعلقات کا ذریعہ بنیں گے اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نظام میں شفافیت آئے گی۔