ایئر انڈیا کا ایک اور طیارہ حادثے کا شکار

ایئر انڈیا کا ایک اور طیارہ حادثے کا شکار

بھارت کی سرکاری فضائی کمپنی ایئر انڈیا کے طیارے کو ایک اور حادثہ پیش آ گیا، جب دہلی سے نیویارک جانے والی پرواز AI101 کے انجن نے رن وے پر سامان سے بھرا کنٹینر کھینچ لیا۔

رپورٹس کے مطابق، یہ واقعہ شدید دھند کے باعث پیش آیا۔ حادثے کے نتیجے میں ایئر بس A350 طیارے کے ایک انجن کو نقصان پہنچا۔ طیارہ واپسی پر جب دہلی میں لینڈنگ کے بعد ٹیکسی کر رہا تھا، تب حادثہ ہوا۔ایئر انڈیا نے بتایا کہ ایرانی فضائی حدود کی غیر متوقع بندش کے باعث پرواز کو ٹیک آف کے کچھ دیر بعد دہلی واپس آنا پڑا۔ لینڈنگ کے بعد ٹیکسی کرتے ہوئے طیارہ ایک بیرونی شے سے ٹکرا گیا، جس سے دائیں انجن کو نقصان پہنچا۔

ایئر لائن کا کہنا ہے کہ طیارہ محفوظ طریقے سے مقررہ پارکنگ ایریا میں کھڑا کر دیا گیا اور متاثرہ مسافروں کو متبادل پرواز یا رقم کی واپسی کی پیشکش کی گئی ہے۔ طیارے کو مکمل جانچ اور ضروری مرمت کے لیے گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔یہ واقعہ ایئر انڈیا کے حوادث کے سلسلے میں ایک اور اضافہ ہے، جس نے فضائی سکیورٹی اور آپریشنل معیار پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔