شمالی اضلاع میں شدید سرد موسم، میدانی علاقوں میں دھند کا راج

 استور میں پارہ منفی 22 ‘ سکردو میں منفی 15، گوپس میں منفی 14 اور گلگت میں منفی 11ریکارڈ
 جنوری کے آخر تک موسم شدید سردرہنے‘بالائی علاقوں میں  برفباری کا امکان ہے:محکمہ موسمیات
کوئٹہ‘پشاور(آئی این پی )بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24گھنٹوں میں  موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے صوبے کے شمالی علاقوں میں شدید سردی کے ساتھ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہیخیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں شدید سردی کے باعث درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا، گلگت بلتستان کے علاقے استور میں درجہ حرارت پارہ منفی 22 تک گر گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق استور میں درجہ حرارت منفی 22، سکردو میں منفی 15، گوپس میں منفی 14 اور گلگت میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔خیبر پختونخوا میں کالام اور پارا چنار میں منفی 4، دیر بالا میں منفی 2 اور دروس چترال میں منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔ سدو سوات اور تیمرگرہ میں درجہ حرارت صفر ریکارڈ کیا گیا جبکہ پشاور کا درجہ حرارت دو ریکارڈ کیا گیا۔۔این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں ممکنہ شدید سردی کی لہر کا الرٹ جاری کیا ہے۔آئندہ دنوں میں جنوری کے آخر تک رات اور صبح کے اوقات میں شدید سرد موسم کی توقع ہے، بالائی علاقوں میں درمیانے سے شدید درجے کی برفباری کا امکان ہے، رابطہ سڑکیں، ٹرانسپورٹ اور بجلی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔پہاڑی علاقوں میں ممکنہ برفباری کے باعث برفانی تودے گرنے اور پھسلن کے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے، عوام سے احتیاط کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔