وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس کا مکمل طور پر احترام کیا جائے گا۔
اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم فلسطین اور غزہ میں جنگ بندی کے حق میں ہے اور اس حوالے سے قطر، سعودی عرب، امریکا، مصر اور دیگر دوست ممالک کی کوششوں کو سراہا ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ غزہ اور دیگر جنگ زدہ علاقوں میں امن و امان کے قیام کے لیے انسانی امداد کی ترسیل انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف جدوجہد کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے اپنے موقف پر قائم ہے، اور القدس شریف کو آزاد فلسطین کا دارالحکومت بنانے کا مطالبہ کیا۔