پاکستان کے سابق لیگ سپنر اور کرکٹ کے لیجنڈ عبدالقادر کے بیٹے عثمان قادر نے گزشتہ برس اکتوبر میں دلبرداشتہ ہو کر پاکستان کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا اور اب وہ اپنے کرکٹ کیریئر کے نئے باب کے آغاز کے لیے آسٹریلیا منتقل ہوگئے ہیں۔
عثمان قادر نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک ون ڈے اور 25 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں شرکت کی اور 32 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اب آسٹریلیا کے نیو ساؤتھ ویلز میں رہائش اختیار کی ہے اور سڈنی کے ہاکسبری کلب کی جانب سے کھیلنا شروع کردیا ہے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے پرتھ اور ایڈیلیڈ کی جانب سے بھی بگ بیش لیگ (BBL) میں شرکت کی۔ عثمان قادر کو آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون کی جانب سے کھیلنے کا بھی اعزاز حاصل ہوا۔عثمان قادر نے آسٹریلیا میں اپنے کرکٹ کیریئر کے حوالے سے پر امید ہوتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ان کے لیے ذریعہ معاش ہے اور وہ یہاں نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ کے لیے کھیلنے کو ایک بڑا اعزاز قرار دیا اور اپنے سپورٹرز کا شکریہ ادا کیا۔