پہلی بار بچوں کے حقوق کی کمیٹی تشکیل:سارہ احمد سربراہ مقرر

لاہور(خصوصی رپورٹ)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے پنجاب اسمبلی میں بچوں کے حقوق کیلئے پہلی پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا اعلان کردیا۔اس اقدام کا مقصد صوبے میں بچوں کی فلاح و بہبود اور حقوق سے متعلق اہم مسائل حل کرنے کیلئے ایک مشترکہ پلیٹ فارم قائم کرنا ہے، رکن صوبائی اسمبلی سارہ احمد کمیٹی کی سربراہی کریں گی جبکہ دیگر ارکان میں زکیہ خان، مہوش سلطانہ، سلمیٰ سعید، رخشندہ کوثر ودیگر شامل ہیں۔کمیٹی کی سربراہ سارہ احمد نے بتایا سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کمیٹی کے سرپرست کے طور پر خدمات انجام دیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ کمیٹی کی بنیادی ذمہ داریوں میں سے ایک بچوں سے متعلق مسائل پر باقاعدگی سے سرگرمیاں، بحث اور غور کرنا ہوگا، کمیٹی اپنی سفارشات کو تفصیلی رپورٹوں میں مرتب کرے گی جنہیں غور اور نفاذ کے لیے پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔