پی ٹی اے نے انٹرنیٹ سست روی کا ملبہ ٹیلی کام انفرا اسٹرکچر پر ڈال دیا

ویب مینجمنٹ سسٹم سے انٹرنیٹ سست ہونے کی کبھی نشاندہی نہیں ہوئی،ٹرانس ورلڈ افریقا ٹو کیبل کوجوڑنے کیلئے کام ہورہا ہے
اسلام آباد (آن لائن)پی ٹی اے نے ویب مینجمنٹ سسٹم کے بعدانٹرنیٹ سست روی کا ملبہ ٹیلی کام انفرا اسٹرکچر پر ڈال دیا ۔پی ٹی اے نے فائبرائزیشن، اسپیکٹرم میں کمی اور توانائی مسائل کو انٹرنیٹ میں سست روی کی نئی وجہ قرار دے دیا۔ذرائع پی ٹی اے کے مطابق ٹیلی کام سائٹس کی سکیورٹی اور پاور بیک اپ بڑا چیلنج ہے، ویب مینجمنٹ سسٹم سے انٹرنیٹ سست ہونے کی کبھی نشاندہی نہیں ہوئی،ٹرانس ورلڈ افریقا ٹو کیبل کو پاکستان کے ساتھ جوڑنے کیلئے کام کررہی ہے،45 ہزار کلومیٹر طویل کیبل کی صلاحیت 18 ٹیرا بائٹس فی سیکنڈ ہے ، یہ کیبل بینڈوتھ بڑھانے اور انٹرنیٹ کی رفتار میں بہتری کیلئے مددگار ہوگی،گذشتہ پانچ برس کے دوران147 ٹیلی کام سائٹس دہشتگردوں جبکہ 739 چوروں کا نشانہ بنی ہیں،ٹیلی کام سائٹس سے جنریٹرز اور دیگر ٹیلی کام آلات چوری ہونے کی شکایات آئی ہیں،42  فیصد ٹیلی کام سائٹس جنریٹرز کے بغیر کام کررہی ہیں، بغیر جنریٹرز سائٹس لوڈشیڈنگ کے دوران سروسز متاثر ہونے کا باعث بنتی ہیں۔