سندھ حکومت کا فلم و ڈراما انڈسٹری کے فروغ کے لیے اقدامات کا اعلان

نئے لکھاریوں اور تخلیقی پروڈکشن ہائوسز کی مالی معاونت بھی کی جائے گی، سینئر وزیر شرجیل میمن
کراچی (آئی این پی) حکومت سندھ نے فلم، ڈراما اور ڈاکیومینٹری کی صنعت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ اس حوالے سے صوبے کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت کانٹینٹ اینڈ پروڈکشن اوور سائٹ بورڈ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مقامی ٹیلنٹ کو فروغ دینے، عوامی آگاہی بڑھانے اور انتہا پسندی کے خلاف بیانیہ تشکیل دینے کے لیے آرٹسٹ اور ڈراما نگاروں کی حوصلہ افزائی کا فیصلہ کیا گیا۔شرجیل میمن نے نئے لکھاریوں اور تخلیقی پروڈکشن ہائوسز کے لیے خصوصی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مالی معاونت بھی کی جائے گی تاکہ وہ اپنے منصوبے مکمل کر سکیں۔اجلاس کے دوران ڈی جی پی آر نے بورڈ کے مقاصد اور پالیسی گائیڈلائنز پر روشنی ڈالی۔ اراکین نے نئے ٹیلنٹ کے فروغ اور پروڈکشن ہائوسز کے منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔ آئندہ اجلاس میں پروڈکشن ہائوسز سے کام کے بنیادی خاکے طلب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔