لاہور(خصوصی رپورٹ) آئی جی پولیس عبدالکریم کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں دعائیہ پروگرام کے دوران پنجاب پولیس نے ہائی الرٹ رہ کر سکیورٹی کے فرائض انجام دیئے۔ قبل ازیں آئی جی نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کی سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا سپروائزری افسر گرجا گھروں اور اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود چیک کریں۔ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کیے جائیں جبکہ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں گرجا گھروں کے گرد موثر پٹرولنگ کو یقینی بنائیں۔ آئی جی نے ہدایت کی کہ پولیس اہلکار شر پسند عنصر پر کڑی نظر رکھیں۔ گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں۔ علما، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان مذہنی ہم آہنگی کو فروغ دیں۔