گورنرراج جیسی کسی بھی دھمکی یا اقدام کیلئے پی ٹی آئی اور عوام مکمل طور پر تیار ہیں،سہیل آفریدی

عمران خان کی صحت سیاست سے بالاتر، فیملی کی نگرانی بنیادی حق ہے،چیف جسٹس کے واضح احکامات ہیں عمران خان کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں
اگرکوئی مِس ایڈونچر کیا گیا تواس کا بھرپور اور آئینی جواب دیا جائیگا، حالات جان بوجھ کر خراب کیے جا رہے ہیں، 9 مئی جیسے واقعات دوبارہ کروانے کی کوشش ہے
اسلام آباد(آئی این پی )وزیرِاعلی خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ گورنرراج جیسی کسی بھی دھمکی یا اقدام کیلئے پی ٹی آئی اور عوام مکمل طور پر تیار ہیں، اگر کوئی مِس ایڈونچر کیا گیا تواس کا بھرپور اور آئینی جواب دیا جائیگا،عمران خان کی صحت سیاست سے بالاتر، فیملی کی نگرانی بنیادی حق ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کا ہمارے پارٹی کے نگران چیئرمین، جنرل سیکرٹری اور دیگر مرکزی قیادت محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کے ساتھ شاید رابطے میں ہیں، تاہم تاحال یہ کنفرم نہیں ہو سکا کہ عمران خان سے ملاقات ممکن ہو سکی ہے۔جیسے ہی کوئی واضح اور مصدقہ پیش رفت سامنے آئے گی، عوام کو آگاہ کر دیا جائے گا۔صوبے میں گورنر راج سے متعلق سوال پر وزیرِ اعلی نے کہا کہ ایسی کسی بھی دھمکی یا اقدام کے لیے تحریک انصاف اور عوام مکمل طور پر تیار ہیں۔ اگر کوئی مس ایڈونچر کیا گیا تو اس کا بھرپور اور آئینی جواب دیا جائے گا۔ احتجاج کی نوبت نہیں آنی چاہیے تھی کیونکہ سپریم کورٹ آف پاکستان اور چیف جسٹس کے واضح احکامات موجود ہیں کہ عمران خان کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔اس کے باوجود تاخیر اور کوتاہی قابلِ فہم نہیں۔ اعلی عدلیہ کے احکامات پر ہر صورت عمل ہونا چاہیے، کیونکہ اگر عوام کا عدلیہ سے اعتماد اٹھ گیا تو یہ پورے نظامِ انصاف کے لیے خطرناک ثابت ہوگا۔سہیل بانی پی ٹی آئی کی صحت سیاست سے بالاتر ہے۔ ذاتی معالج اور فیملی کی نگرانی بانی پی ٹی آئی کا بنیادی حق ہے، سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود وفاقی حکومت جان بوجھ کر تاخیر کر رہی ہے۔وزیراعلی سہیل آفریدی نے کہا کہ حالات جان بوجھ کر خراب کیے جا رہے ہیں، 9 مئی جیسے واقعات دوبارہ کروانے کی کوشش ہو رہی ہے۔