لاہور (کرائم رپورٹر)حکومت نے احتجاج کے دوران پرتشدد رویہ اپنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ اس سلسلے میں حکومتِ پنجاب نے پرتشدد احتجاج کرنے والوں سے آڑے ہاتھوں نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔پولیس آرڈر (دوسری ترمیم) ایکٹ 2025ء پنجاب اسمبلی میں پیش کیا گیا ہے، جس کے تحت پْر تشدد احتجاج کرنے والوں کو سزائیں تو ہوں گی ، تاہم انہیں ساتھ ہی نقصان کی بھرپائی بھی کرنا ہو گی۔پنجاب اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں پیش کیے گئے بل کے تحت پرتشدد احتجاج کرنے والوں سے نمٹنے کے لیے رائٹ مینجمنٹ یونٹ قائم کیا جائے گا۔ بل کے متن کے مطابق رائٹ مینجمنٹ یونٹ کی ایڈمنسٹریشن ایڈیشنل آئی جی رینک کا افسر دیکھے گا اور اس یونٹ کو جدید آلات سے لیس کیا جائے گا۔ رائٹ مینجمنٹ یونٹ کے افسران کو غیر قانونی احتجاج سے نمٹنے کی باقاعدہ ٹریننگ بھی دی جائے گی