چینی تاجروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کریں گے:مریم نواز

چینی تاجروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کریں گے:مریم نواز

وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چین کے ساتھ پاکستان کے طویل المدتی اور مضبوط تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات ہمیشہ برادرانہ اور باہمی احترام پر مبنی رہے ہیں۔

 مریم نواز کا کہنا تھا کہ چین کی ترقی کرتی ہوئی معیشت پاکستان کے لیے ایک مثالی نمونہ ہے اور چینی حکومت کی سیاسی بصیرت اور ترقی کے اقدامات نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔چین کی قیادت کے ساتھ اپنے حالیہ دورے میں، مریم نواز نے چینی تاجروں اور کمپنیوں کے ساتھ آئی ٹی، زراعت اور مصنوعی ذہانت جیسے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کی ممکنہ مواقعوں پر بات چیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہوں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب بزنس کونسل ایک کلیدی کردار ادا کرے گی تاکہ چینی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے ایک سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔ مریم نواز نے کہا کہ ان کا مقصد پنجاب کو عالمی سطح پر تجارتی اور سرمایہ کاری کا مرکز بنانا ہے، جہاں دنیا بھر کے سرمایہ کار آ کر اپنی سرمایہ کاری کریں اور اس کے نتیجے میں پنجاب کی معیشت کو مزید تقویت ملے۔مریم نواز کا یہ دورہ چین دونوں ممالک کے تعلقات کی مزید تقویت اور اقتصادی ترقی کے لیے اہم قدم ہے، اور یہ پاکستان کی معیشت کو عالمی سطح پر مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔