مریم نواز نے گوانگ ژو میں چینی کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے دعوت دی

مریم نواز نے گوانگ ژو میں چینی کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے دعوت دی

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چین کے شہر گوانگ ژو میں ہونے والی انوسٹمنٹ کانفرنس کی صدارت کی، جس میں چین اور ہانگ کانگ کی 60 سے زائد اہم کمپنیوں کے حکام نے شرکت کی۔

 اس کانفرنس کے دوران وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے نئے منصوبوں اور مواقع کا اعلان کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں سولر انرجی، زراعت، صحت، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر شعبوں میں چینی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی ہے۔ مریم نواز نے پنجاب کو چینی کمپنیوں کے لیے "لینڈ آف اپرچونیٹی" قرار دیا اور سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے "ون ونڈو آپریشن" فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔کانفرنس کے دوران وزیر اعلیٰ نے "نو ٹو پلاسٹک" مہم اور "زیرو ویسٹ مشن" کی کامیاب شروعات پر بھی روشنی ڈالی اور چینی کمپنیوں سے ان کی معاونت کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سولرائزیشن کے بڑے منصوبوں اور دیگر قابل تجدید توانائی کے ذرائع پر چینی کمپنیوں کا تعاون خوش آئند ہوگا۔

مریم نواز نے پنجاب کی زراعت کے شعبے میں میکانائزیشن، فوڈ پراسیسنگ، اور ہائیبرڈ بیج ڈویلپمنٹ کے منصوبوں کا آغاز کرنے کا اعلان کیا، جس سے چینی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب میں آئی ٹی کے شعبے میں جدت لانا ضروری ہے اور چینی کمپنیاں ای کامرس، ای لرننگ اور انکیوبیٹر سنٹرز میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔ مریم نواز نے چین کی کمپنیوں کے لیے پنجاب میں کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے کا بہترین وقت قرار دیا۔