دونوں رہنمائوں کی ایک روزہ حاضری استثنیٰ کی درخواستیں بھی خارج کر دی گئیں
گوجرانوالہ (خصوصی رپورٹ)نومئی گھیرائو جلا ئو اور ہنگامہ آرائی کے مقدمہ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوجرانوالہ نے عمر ایوب اور زرتاج گل کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں خارج کر دیں،دونوں کی ایک روزہ حاضری استثنیٰ کی درخواستیں بھی خارج کر دی گئیں۔ نو مئی ہنگامہ رائی اور جلا ئو گھیرا ئو کے تھانہ کینٹ گوجرانوالہ کے مقدمہ میں عمر ایوب اور زرتاج گل نے انسداد دہشتگردی گوجرانوالہ کی عدالت سے عبوری ضمانتیں کروا رکھی تھیں۔انسداد دہشت گردی کے جج کے ٹرانسفر ہونے کی وجہ سے درخواست ضمانتوں کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شوکت کمال ڈار کی عدالت میں ہوئی۔عمر ایوب کی جانب سے میڈیکل گرا ئونڈ جبکہ زرتاج گل کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ میں حاضر ہونے کی وجہ سے انکے وکیل نے عدالت سے دونوں کی ایک روزہ حاضری استثنیٰ کی درخواستیں دیں جنہیں عدالت نے اس بنا پر مسترد کر دیا کہ دونوں کی جانب سے گزشتہ چار تاریخوں پر حاضری استثنیٰ کی درخواستیں دی گئی اور انہیں عدالت کی جانب سے وارننگ دی گئی تھی کہ آئندہ پیش نہ ہونے کی صورت میں درخواست ضمانتیں خارج کر دی جائیں گی۔سیشن جج نے دونوں کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری بوجہ عدم پیروی خارج کر دیں۔