بابر اعظم کے لیے “نظرِ بد” سے بچاؤ کی مزاحیہ ویڈیو وائرل، پی ایس ایل کارکردگی بھی شاندار

بابر اعظم کے لیے “نظرِ بد” سے بچاؤ کی مزاحیہ ویڈیو وائرل، پی ایس ایل کارکردگی بھی شاندار

پاکستان سپر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر اور پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں دونوں کے درمیان خوشگوار اور مزاحیہ لمحہ دیکھا جا سکتا ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سلمان نصیر نے اپنے بٹوے سے کرنسی نوٹ نکال کر روایتی انداز میں بابر اعظم کی “نظر اتاری” اور بعد ازاں انہیں گلے بھی لگایا۔دوسری جانب میدان میں بابر اعظم کی شاندار فارم بدستور توجہ کا مرکز ہے۔ وہ حال ہی میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 12 ہزار رنز مکمل کرنے والے تیز ترین کھلاڑی بن گئے ہیں، جبکہ پی ایس ایل کی تاریخ میں 4 ہزار رنز بنانے والے واحد بیٹر بھی ہیں۔ وہ اس فارمیٹ میں 100 نصف سنچریاں بنانے والے چوتھے کھلاڑی بھی بن چکے ہیں۔بدھ کے روز کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں شکست دی اور پی ایس ایل 11 میں اپنی چھٹی کامیابی حاصل کی۔

پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 20 اوورز میں 154 رنز تک محدود رکھا۔ ہدف کے تعاقب میں زلمی نے 155 رنز کا ہدف 9 گیندیں قبل صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔بابر اعظم نے 51 گیندوں پر ناقابلِ شکست 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے شامل تھے۔اس وقت پشاور زلمی 7 میچز میں 6 فتوحات اور 1 بارش سے متاثرہ میچ کے بعد 13 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔