امریکہ نے جنگ شروع تو کر دی لیکن نکلنے کی کوئی حکمت عملی نہیں سوچی: ریچل ریوز

لندن(آئی این پی )برطانوی وزیر خزانہ ریچل ریوزنے  کہا  ہے کہ وہ اس بات پر بہت مایوس اور ناراض ہیں کہ امریکہ نے جنگ شروع تو کر دی لیکن اس سے نکلنے کی کوئی حکمت عملی نہیں سوچی۔انہوں نے یہ بات     امریکہ  کے دورے پر روانگی سے قبل برطانوی میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو میں کہی ۔ ریچل  ریوز واشنگٹن میں اپنے امریکی ہم منصب سکاٹ بیسنٹ سے ملاقات کریں گی۔  ریچل ریوز  کاکہنا تھا  یہ ہماری جنگ نہیں ہے۔ یہ ایک ایسی جنگ ہے، ہم نے جس میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا، لیکن اس کے باوجود ہماری معیشت پر اس کے اثرات مرتب ہوں گے۔ وزیرِ خزانہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے خبردار کیا ہے کہ دیگر ترقی یافتہ معیشتوں کے مقابلے میں برطانیہ معاشی طور پر اس تنازع سے زیادہ متاثر ہو گا۔ دوسری جانب، امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے بی بی سی کو بتایا کہ طویل المدت عالمی سلامتی کے لیے تھوڑی بہت معاشی تکلیف قابل قبول ہے۔