حکومت ہر سطح پر انہیں سہولتیں فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے،چینی سرمایہ کاری کے فروغ اور بزنس فرینڈلی ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے
چینی سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل کے لئے جلد اسلام آباد میں کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا: وزیر داخلہ کی چینی سفارتخانے آمد، سرمایہ کاری، سکیورٹی امور پر گفتگو
کراچی(آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے چینی سرمایہ کار پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، حکومت ہر سطح پر انہیں سہولتیں فراہم کرنیکیلئے پرعزم ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں چینی قونصلیٹ کا دورہ کیا، جہاں چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے ان کا استقبال کیا۔دورے کے دوران وزیرداخلہ کی چینی قونصل جنرل سے ملاقات ہوئی، جس میں پاک چین دوطرفہ تعاون، چینی سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی اور سکیورٹی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ چینی بزنس مینوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا پاکستان میں زیادہ سے زیادہ چینی سرمایہ کاری کے فروغ اور بزنس فرینڈلی ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے بتایا ہے کہ چینی سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل کے لیے جلد اسلام آباد میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں شرکت کے لیے چینی قونصل جنرل اور کراچی میں موجود چینی بزنس کمیونٹی کو دعوت دی گئی ہے۔