ہم دیگر جدید نظاموں پر بھی کام کر رہے ہیں تاکہ ہمیں سٹار وارز جیسی صلاحیت حاصل ہو، سربراہ ڈی آر ڈی او
نئی دہلی (آئی این پی )بھارت نے لیزر پر مبنی جدید ہتھیار ڈائریکٹڈ انرجی ویپن کے کامیاب تجربے کا دعویٰ کیا ہے، جو فکسڈ وِنگ اور جھنڈ میں اڑنے والے ڈرونز کو ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت اب امریکا، چین اور روس کے بعد یہ ٹیکنالوجی حاصل کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک بن گیا ہے۔مذکورہ تجربہ آندھرا پردیش کے ضلع کرنول میں واقع نیشنل اوپن ایئر رینج میں کیا گیا، جہاں Mk-II(A)لیزر-ڈی ڈبلیو نظام کا پہلا کامیاب تجربہ کیا گیا۔بھارتی ادارے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے مطابق یہ ہائی پاور لیزر ہتھیار ڈرونز اور دیگر چھوٹے اہداف کو گرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ڈی آر ڈی او کے چیئرمین سمیر وی کامت نے بھارتی خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ بھارتی فوج مزید ایسی ہائی انرجی ٹیکنالوجیز پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہائی انرجی مائیکروویوز، الیکٹرو میگنیٹک پلس سمیت دیگر جدید نظاموں پر بھی کام کر رہے ہیں تاکہ ہمیں سٹار وارز جیسی صلاحیت حاصل ہو۔