گورنر پنجاب نے صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد وائس چانسلرز کے انٹرویو کئے
لاہور (خصوصی رپورٹ)گورنرپنجاب سلیم حیدرخان نے کہا ہے کہ صوبے کی جامعات میں سربراہان کی تعیناتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،جامعات کو تعلیم و تحقیق کے میدان میں آگے بڑھانا ترجیح ہے۔یہ بات انہوں نے گورنر ہاوس لاہور میں پنجاب کی پبلک سیکٹر میڈیکل یونیورسٹیز میں نئے تعینات ہونیوالے وائس چانسلرز کے امیدواران کے انٹرویوز کے موقع پر کہی۔گورنر /چانسلر سلیم حیدر خان نے وزیراعلیٰ اور صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد پنجاب کی جامعات میں سربراہان کی تعیناتی کیلئے تجویز کردہ وائس چانسلرز کے انٹرویو کئے۔پبلک میڈیکل یونیورسٹیوں کے انٹرویو کیلئے آنیوالے امیدواروں میں پروفیسرمحمود ایاز،پروفیسر اصغر نقوی،پروفیسر طیبہ وسیم،پروفیسر معین،پروفیسر زہرا خانم، میجر جنرل(ر)سہیل صابر،پروفیسر معروف عزیز خان،میجر جنرل (ر)سہیل امین،پروفیسر طارق اقبال اور پروفیسر جہانگیر سرور شامل تھے۔گورنر نے انٹرویو کے بعد 5 میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز تقرری کی سمری منظورکرلی جن میں ڈاکٹر محمود ایاز کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور،میجر جنرل (ر)سہیل صابر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز،میجر جنرل (ر)سہیل امین راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی راولپنڈی، پروفیسر اصغر نقوی فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی فیصل آباد جبکہ ڈاکٹر زہرہ خانم فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہور کی وائس چانسلر تعینات کی گئی ہیں۔