صدر مملکت نے انڈونیشین بحریہ کے سربراہ کو نشان امتیاز سے نواز دیا

پاکستان اور انڈونیشیا کی بحری افواج کے درمیان تعاون  مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے:آصف زرداری
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے انڈونیشین بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی کو پاکستان اور انڈونیشیا کی بحری افواج کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے خدمات کے اعتراف میں نشان امتیاز (ملٹری) سے نواز دیا۔ایوان صدر میں اعزاز دینے کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، ارکان پارلیمنٹ اور سفارتی برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔صدر مملکت نے کہا کہ بلیو اکانومی اور سمندری شعبے کی باہمی ترقی میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، جسے بھرپور انداز میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔