ملک فیصل منیر
پاکستان ایک ایسے وقت میں معدنی وسائل کے شعبے میں عالمی توجہ حاصل کر رہا ہے جب دنیا بھر میں توانائی کے متبادل ذرائع اور صنعتی ترقی کے لیے نایاب دھاتوں کی اہمیت دو چند ہو گئی ہے۔ امریکا اور پاکستان کے درمیان حالیہ معاہدے اسی سمت ایک بڑا قدم ہیں۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی موجودگی میں یو ایس اسٹریٹجک میٹلز (US Strategic Metals) اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO) کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط نہ صرف سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولیں گے بلکہ پاک امریکا تعلقات کو بھی ایک نئی جہت بخشیں گے۔
معاہدے کے تحت ابتدائی طور پر پاکستان سے اینٹی منی، تانبا، سونا، ٹنگسٹن اور ریئر ارتھ ایلیمنٹس کی برآمد شروع کی جائے گی۔ اس تعاون کے نتیجے میں پاکستان میں ایک جدید پولی میٹالک ریفائنری کے قیام کا بھی منصوبہ ہے، جس کا پہلا مرحلہ تقریباً 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری پر مشتمل ہو گا۔ یہ سرمایہ کاری صرف معدنیات کی تلاش و نکالنے تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس میں پروسیسنگ، ویلیو ایڈیشن، اور لاجسٹک سروسز بھی شامل ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان اپنے خام وسائل محض برآمد کرنے کے بجائے انہیں مقامی طور پر پروسیس کر کے زیادہ فائدہ حاصل کر سکے گا۔ اس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ برآمدات میں اضافے سے زرمبادلہ کے ذخائر بھی مستحکم ہوں گے۔دوسرا معاہدہ نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن اور موٹا اینجل گروپ کے درمیان ہوا، جو دنیا بھر میں انجینیئرنگ اور تعمیرات کے شعبے میں شہرت رکھتا ہے۔ کمپنی نے پاکستان میں اپنے منصوبوں کا دائرہ بڑھانے، ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے منتقلی کے عزم کا اظہار کیا۔
بیان کے مطابق یہ سرمایہ کاری پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ پائیدار ترقی، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کرے گی۔ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان اس تعاون کو وسعت دینے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو فوری برآمد کے لیے معدنیات کی نشان دہی کریں گی اور طویل مدتی شراکت داری کے تحت کان کنی، نکالنے اور پروسیسنگ کے منصوبے تیار کریں گی۔حکومتی ذرائع کے مطابق یہ معاہدے پاکستان میں کان کنی اور لاجسٹکس کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کی کوششوں میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔معاہدہ روزگار، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور پائیدار ترقی کا ضامن ہوگا، امریکی کمپنی پاکستان میں طویل المدتی شراکت داری کی خواہش مند ہیں۔
پاکستان میں امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے اس موقع پر کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے تعلقات کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہایہ دستخط پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی کی ایک اور مثال ہیں جو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہوں گے۔بیکر نے کہا کہ واشنگٹن ایسے معاہدوں کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ٹرمپ انتظامیہ نے ایسے معاہدوں کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے کیونکہ اہم معدنی وسائل امریکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے بے حد اہم ہیں۔ ہم مستقبل میں امریکی کمپنیوں اور پاکستان کی معدنیات اور کان کنی کے شعبے کی کمپنیوں کے درمیان مزید معاہدوں کے منتظر ہیں۔ اہم معدنی وسائل امریکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہیں۔ اس بیان سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا اپنی سپلائی چین کو متنوع بنانے کے لیے پاکستان جیسے ممالک میں سرمایہ کاری کر رہا ہے تاکہ مستقبل میں کسی ایک ملک پر انحصار کم کیا جا سکے۔یو ایس اسٹریٹجک میٹلز خاص طور پر اہم معدنیات کی پیداوار اور ری سائیکلنگ پر توجہ دے گی، جس سے پاکستان کے معدنی وسائل عالمی منڈی میں براہِ راست حصہ ڈال سکیں گے۔
پاکستان کے پاس سونا، تانبہ، لتھیئم اور دیگر نایاب معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔ بلوچستان کے ریکوڈک اور ساؤتھ وزیرستان کے ذخائر دنیا بھر میں اپنی وسعت کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔ ماضی میں ان وسائل کو بدانتظامی، سیاسی عدم استحکام اور غیر شفاف معاہدوں کے باعث استعمال نہیں کیا جا سکا۔ لیکن اگر موجودہ معاہدے شفافیت اور قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے عملی جامہ پہنائیں، تو پاکستان کے لیے یہ ایک گیم چینجر ثابت ہو سکتے ہیں۔اس معاہدے کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO) کو بطور شراکت دار شامل کیا گیا ہے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ منصوبے میں محض معدنی ترقی ہی نہیں بلکہ انفرااسٹرکچر کی تعمیر (سڑکیں، ریلوے، لاجسٹکس، پاور سپلائی) کو بھی مرکزی حیثیت دی جائے گی۔ ایسے منصوبے دور دراز علاقوں میں سماجی و معاشی ترقی کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔
یہ معاہدہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب دنیا میں جغرافیائی و اقتصادی تبدیلیاں تیزی سے وقوع پذیر ہو رہی ہیں۔ امریکا کی طرف سے پاکستان کے معدنی شعبے میں براہِ راست سرمایہ کاری اس بات کی علامت ہے کہ دونوں ممالک اپنے تعلقات کو محض سیکورٹی یا انسداد دہشتگردی کے تناظر سے نکال کر اقتصادی تعاون کی سمت لے جانا چاہتے ہیں۔ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک متوازن اور پائیدار بنیاد قائم ہو سکتی ہے۔ان معاہدوں کو عالمی سرمایہ کاری لانے کی پاکستان کی کاوشوں میں بڑا سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان کے لیے یہ ایک تاریخی موقع ہے۔ اگر حکومت ان معاہدوں کو قومی مفاد، شفافیت اور پائیدار ترقی کے اصولوں پر استوار کرے تو معدنی وسائل ملک کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ثابت ہو سکتے ہیں۔ دوسری طرف اگر یہ موقع بھی ضائع ہوا تو پاکستان ایک بار پھر عالمی سرمایہ داروں کے ہاتھوں محض کچا مال فراہم کرنے والا ملک بن کر رہ جائے گا۔امریکا کے ساتھ یہ سرمایہ کاری محض اقتصادی نہیں بلکہ تزویراتی شراکت داری کی طرف اشارہ ہے، جس کے اثرات آنے والے برسوں میں خطے کی سیاست اور معیشتپر بھی مرتب ہوں گے۔