شعیب ملک کے ساتھ میری غلط خبریں پھلائی جارہی ہیں ‘ونیزہ ستار

لاہور (شوبز ڈیسک)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی نجی زندگی اکثر خبروں کی زینت بنی رہتی ہے‘ تازہ افواہوں میں معروف اداکارہ ونیزہ ستار کا نام شعیب ملک کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے، جس پر اب خود اداکارہ نے میدان میں آ کر خاموشی توڑ دی ہے اور غیر مصدقہ خبریں پھیلانے والوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔اداکارہ نے واضح کیا ہے کہ ان کے بارے میں پھیلائی جانے والی ایسی خبروں سے نہ صرف ان کی اپنی زندگی متاثر ہوتی ہے بلکہ ان کے اہلِ خانہ اور قریبی لوگوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ونیزہ ستار نے اپنے انسٹاگرام پر  اپنی پوسٹ میں اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ لوگ صرف چند ویوز اور سستی شہرت حاصل کرنے کی خاطر مشہور شخصیات کی ذاتی زندگی کے بارے میں بلا تحقیق من گھڑت باتیں بنانا شروع کر دیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں بات کرنے کے لیے بے شمار اہم موضوعات موجود ہیں، لیکن افسوس کہ کچھ لوگ دوسروں کی زندگیوں سے کھیل کر چند کلکس حاصل کرنے کو ہی سب کچھ سمجھتے ہیں۔اس تمام صورحال کے بعد اداکارہ نے سوشل میڈیا صارفین اور مواد بنانے والوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ بغیر تصدیق کے کسی کی بھی نجی زندگی سے متعلق شوشے چھوڑنے سے گریز کریں، کیونکہ اس طرح کی جھوٹی خبریں نہ صرف متعلقہ شخص کے لیے بلکہ اس کے پورے خاندان کے لیے ذہنی اذیت کا باعث بنتی ہیں۔