ایک مخصوص جماعت کی ہر خبر اور پراپیگنڈا جھوٹ پر مبنی ہوتا ہے: عظمیٰ بخاری

لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے  ایک مخصوص جماعت کی ہر خبر اور پراپیگنڈا جھوٹ پر مبنی ہوتا ہے، جس کا مقصد ڈالرز کمانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس جماعت کے رہنماؤں کی اپنی موجیں لگی ہوئی ہیں، جبکہ انہوں نے اپنی ہی جماعت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب الحمدللہ بی آر ٹی، گرین بسوں اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں پورے ملک کی قیادت کر رہا ہے۔ ماضی میں انہی بسوں کو جنگلہ بس قرار دینے والے آج ان کی افادیت اور ضرورت کو نظرانداز نہیں کر سکتے۔وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب نے کہا کہ پنجاب کو اللہ تعالیٰ کے سوا کسی سے کچھ لینے یا مانگنے کی ضرورت نہیں، تاہم اگر کسی دوسرے صوبے کو مدد کی ضرورت ہو تو پنجاب اس کے لیے حاضر ہے۔عظمیٰ بخاری نے امید ظاہر کی کہ ان شاء￿  اللہ خیبر پختونخوا میں چوریوں اور نااہلی کا خاتمہ ہوگا، دہشت گردی پر قابو پایا جائے گا اور صوبے میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔