لاہور(خصوصی رپورٹ)پبلک اکاو نٹس کمیٹی تھری میں بزدار دور حکومت میں ہونے والی بڑے مالی بے ضابطگی میں سرکاری افسران کے ملوث ہونے کاانکشاف ہوا ہے ،اعلی سرکاری افسران کے خلاف انضباطی کارروائی کے ذریعہ مزید اقدامات اور جانچ پڑتال کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔پبلک اکاو نٹس کمیٹی تھری کی ہدایات پر ممبر انکوائری نے 200 ملین کی مالی ہیر پھیر کی تحقیقات کیں جس کی تحقیقاتی رپورٹ پبلک اکاو نٹس کو ارسال کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق2021-22کے آڈٹ میں 200 ملین روپے کی مالی بے ضابطگی پر پبلک اکاو نٹس کمیٹی تھری نے سخت ایکشن لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا۔ تحریک انصاف کے دور حکومت میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی منڈی بہاو?الدین نے بغیر قانونی تقاضے پورے کئے 200 ملین روپے کی خریداری کی۔تحقیقات میں اعلی سرکاری افسران کے خلاف انضباطی کارروائی کے ذریعہ مزید اقدامات اور جانچ پڑتال کی ہدایت کی گئی ،تحقیقات میں ڈپٹی کمشنر کو ایسے معاملات سے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی۔ تحقیقاتی افسر نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ محکمہ صحت آن لائن سسٹم کے ذریعے مزید تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کرے،ڈی جی ہیلتھ بھی تاخیر کی وجوہات کی تحقیقات کرے۔